سرکاری رعایتی چاول کی غیر قانونی خرید و فروخت، دو گرفتار 450 کلو پی ڈی ایس چاول ضبط، مہاراشٹرا منتقل کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے کی تیاری

سرکاری رعایتی چاول کی غیر قانونی خرید و فروخت، دو گرفتار

450 کلو پی ڈی ایس چاول ضبط، مہاراشٹرا منتقل کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے کی تیاری

عادل آباد، 11/ ستمبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر میں سرکاری رعایتی چاول (پی ڈی ایس) کم قیمت پر خرید کر غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرنے اور زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے والے دو افراد کو ون ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 15 تھیلوں میں موجود تقریباً 450 کلو پی ڈی ایس چاول، جس کی مالیت تقریباً 9 ہزار روپے بتائی گئی ہے، ضبط کرلیا۔

ون ٹاؤن سی آئی بی. سنیل کمار کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت شیخ امان (23)، ولد افسر، شانتی نگر، عادل آباد اور شیخ ضمیر (24)، ولد شیخ سلیم، شانتی نگر، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے۔

Advertising

پولیس کے مطابق ملزمان راشن ڈیلروں سے پی ڈی ایس چاول کم قیمت پر خرید کر اپنے گھر میں ذخیرہ کرتے تھے۔ بعد ازاں چاول کو تھیلوں میں پیک کرکے عام لوگوں کو اسے خالص چاول بتاتے ہوئے زیادہ قیمت پر فروخت کیا جاتا تھا۔

Advertising

تحقیقات کے دوران ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ پی ڈی ایس چاول فرار ملزم طفیل جمیل شیخ عرف شیخ ساحل، ساکن واڈکی، مہاراشٹرا کو فروخت کرکے مہاراشٹرا میں زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کے لیے تیار تھے۔ پولیس فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔

Advertising

ون ٹاؤن سی آئی بی. سنیل کمار نے کہا کہ پی ڈی ایس چاول کی غیر قانونی خریداری، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور زیادہ قیمت پر فروخت کرنا قانوناً جرم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس معاملے میں ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کارروائی میں ایس آئی ناگناتھ اور پولیس عملہ نے حصہ لیا۔