خصوصی ووٹر نظرِ ثانی مہم کا آغاز، ہر اہل شہری ووٹر فہرست میں اپنا نام یقینی بنائے ۔  ضلع کلکٹر آشیش سانگوان

خصوصی ووٹر نظرِ ثانی مہم کا آغاز، ہر اہل شہری ووٹر فہرست میں اپنا نام یقینی بنائے ۔  ضلع کلکٹر آشیش سانگوان

کاماریڈی، 20 /جون (تلنگانہ وائس)ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے تحت خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) 2026 مہم کے آغاز کے موقع پر ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر آشیش سانگوان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹر فہرست میں اپنے نام اور کوائف کی درستگی کو یقینی بنائیں اور انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں۔ہفتہ کے روز منعقدہ ووٹر بیداری پروگرام میں ضلع کلکٹر نے 2K رن کو ہری جھنڈی دکھا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ہر اہل شہری کا ووٹر فہرست میں شامل ہونا نہایت ضروری ہے اور حقِ رائے دہی کا مؤثر استعمال قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 25 جون سے 24 جولائی 2026 تک بوتھ سطح کے افسران گھر گھر جا کر ووٹروں کی تفصیلات جمع کریں گے، لہٰذا شہری اپنے نام، پتہ اور دیگر معلومات کی جانچ کر کے ضرورت پڑنے پر بروقت ترمیم یا اندراج کروائیں۔ضلع کلکٹر کے مطابق 31 جولائی کو ابتدائی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی، جبکہ اعتراضات اور درخواستوں کی جانچ کے بعد یکم اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر فہرست شائع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ووٹر بیداری کی سرگرمیاں وسیع پیمانے پر چلائی جائیں گی اور عوامی تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔تقریب میں ایڈیشنل کلکٹرس وکٹر، این وی گری اور جے پال ریڈی، ایم آر او ہیمابندو، میونسپل چیئرپرسن اوما رانی، انتخابی حکام، بوتھ سطح کے افسران، طلبہ، نوجوانوں، رضاکار تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں نے شرکت کی۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment