صرف فادرز ڈے کے دن ہی نہیں، اپنے والد کی ہمیشہ قدر کریں: نوجوان نسل کے لیے اہم پیغام
عادل آباد۔21/جون (تلنگانہ وائس) فادرز ڈے کے موقع پر معروف عالم دین مولانا مفتی شعیب فیصل حسینی الاشرفی نے نوجوان نسل کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ باپ صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ اولاد کے لیے سایۂ رحمت، تحفظ کی مضبوط دیوار اور بے لوث محبت کا پیکر ہوتا ہے۔ ایک باپ اپنی خواہشات اور آرام کو قربان کرکے اپنی اولاد کے خوابوں کی تعبیر کے لیے دن رات محنت کرتا ہے اور ان کی خوشیوں کو اپنی خوشی سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین خصوصاً والد کی عظمت کو صرف فادرز ڈے تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ سال کے ہر دن ان کی عزت، خدمت اور فرمانبرداری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ والدین کی دعائیں اولاد کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنتی ہیں، اس لیے نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کی قدر کرے، ان کے حقوق ادا کرے اور ان کی نصیحتوں کو اپنی زندگی کا سرمایہ بنائے۔
مولانا نے قرآنِ کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیتے ہوئے فرمایا: "اور ان دونوں کے لیے عاجزی کے ساتھ رحمت کا بازو جھکائے رکھو اور دعا کرو: اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن میں میری پرورش کی۔” (سورۂ بنی اسرائیل: 24)
انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی خدمت محض ایک اخلاقی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک عظیم عبادت ہے۔ جو اولاد اپنے والدین کی خدمت کرتی ہے، اللہ تعالیٰ اس کی زندگی میں خیر و برکت عطا فرماتا ہے اور اسے دنیا و آخرت میں کامیابی سے نوازتا ہے۔
آخر میں مولانا مفتی شعیب فیصل حسینی الاشرفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام والدین کی عمر، صحت اور رزق میں برکت عطا فرمائے، ہمیں ان کا فرمانبردار بنائے اور جن کے والدین اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرمائے۔ آمین۔
✍️ مولانا مفتی شعیب فیصل حسینی الاشرفی عفی عنہ
دارالعلوم حسینیہ، عادل آباد
📞 8919720464

