عادل آباد، 21 جون(تلنگانہ وائس)
12ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر عادل آباد پولیس ہیڈکوارٹرس میں ایک شاندار اجتماعی یوگا پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے شرکت کرتے ہوئے پولیس عملے کے ساتھ یوگا مشقیں انجام دیں۔ اس موقع پر تقریباً 300 پولیس افسران اور ملازمین نے اجتماعی طور پر یوگا میں حصہ لیا۔
ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوگا ہندوستان کی جانب سے دنیا کو دیا گیا ایک عظیم تحفہ ہے، جو نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ ذہنی سکون اور روحانی توازن بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو منشیات اور دیگر بری عادتوں سے دور رہتے ہوئے یوگا، ورزش اور کھیلوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ وہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرسکیں اور اعلیٰ مقاصد حاصل کریں۔
اس موقع پر یوگا اساتذہ کی نگرانی میں مختلف آسن، پرانایام اور سوریا نمسکار کی مشقیں کروائی گئیں۔ ضلع ایس پی نے تمام پولیس اہلکاروں اور عوام کو 12ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے یوگا کو صحت مند زندگی کی کنجی قرار دیا۔

اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی بی۔ سریندر راؤ، ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی، انسپکٹرس، ریزرو انسپکٹرس، سب انسپکٹرس، ریزرو پولیس عملہ، یوگا اساتذہ پولیس اے ایس آئی رمیش، کانسٹبل راجو اور دیگر پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔

