ایس آئی آر سے متعلق عوامی رہنمائی کے لیے جمعیۃ علماء ہند کا ہیلپ لائن سنٹر 6ویں دن میں داخل
عادل آباد، 22/ جون(تلنگانہ وائس) جمعیۃ علماء ہند عادل آباد شہر کے زیر اہتمام ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) سے متعلق عوامی بیداری، رہنمائی اور ضروری معلومات کی فراہمی کے مقصد سے قائم کردہ ہیلپ لائن سنٹر کامیابی کے ساتھ اپنے 6ویں دن میں داخل ہوگیا ہے۔ شہر کے عیدگاہ میدان سے متصل اس خصوصی رہنمائی مرکز پر روزانہ عوام کی بڑی تعداد رجوع ہو رہی ہے۔

جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران کے مطابق سنٹر کے قیام کا مقصد عوام کو ایس آئی آر کے عمل، دستاویزات کی جانچ، فارموں کی تکمیل اور دیگر ضروری امور کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی شہری کو معلومات کے فقدان کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ہیلپ لائن سنٹر پر جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی اور ملی شخصیات بھی روزانہ موجود رہ کر عوام کی رہنمائی کر رہی ہیں۔ شہر اور اطراف کے دور دراز علاقوں سے مرد و خواتین بڑی تعداد میں یہاں پہنچ کر اپنے سوالات کے جوابات حاصل کر رہے ہیں اور درکار دستاویزات و کارروائی کے سلسلے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر صدر ٹاؤن جمعیۃ علماء ہند حافظ عامر پٹیل نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کی سہولت اور بڑھتی ہوئی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلپ لائن سنٹر کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جن افراد کو ایس آئی آر کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی رہنمائی درکار ہو وہ اس موقع سے استفادہ کریں اور اپنے دستاویزی امور بروقت مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور آئندہ بھی اسی جذبہ کے ساتھ خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

