کاماریڈی ہاؤسنگ بورڈ ہندو شمشان گھاٹ کی ترقی کی راہ ہموار، بلدیہ کونسل منظوری، حکومت کیجانب سے بھی این او سی جاری، ایس آر فاونڈیشن کیجانب سے تقریباً 4 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا امکان
کاماریڈی۔22/جون(سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس) ٹی پی سی سی کے جنرل سیکریٹری گڈم چندر شیکھر ریڈی نے کہا ہے کہ شہر کی ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں واقع ہندو شمشان گھاٹ کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کونسل کی منظوری کے بعد حکومت نے این او سی جاری کر دی ہے۔ پیر کے روز ضلع مرکز میں اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ بورڈ ہندو شمشان گھاٹ کی ترقی کے لیے میونسپل کونسل کا متفقہ قرارداد منظور کرنا خوش آئند ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع کلکٹر اور میونسپل کونسل کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق ایس آر فاؤنڈیشن شمشان گھاٹ کی ترقی کے لیے آگے آئی ہے اور سب سے پہلے یہ جاننے کے لیے سروے کرایا جائے گا کہ حکومت کے قبضے میں کتنی اراضی موجود ہے۔ سروے مکمل ہونے کے بعد مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات ایک پریزنٹیشن کے ذریعے عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً چار کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام انجام دیے جانے کا امکان ہے۔

چندر شیکھر ریڈی نے مزید بتایا کہ اندرا نگر کالونی میں واقع ہندو شمشان گھاٹ کی ترقی کے سلسلے میں بھی دو رضاکار تنظیموں اور دو کاروباری شخصیات سے بات چیت جاری ہے اور جلد اس منصوبے کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
انہوں نے ہاؤسنگ بورڈ کے قریب نالوں پر غیر قانونی طور پر کلورٹس تعمیر کرنے والوں کو میونسپل حکام کی جانب سے نوٹس جاری کیے جانے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سرکاری ملازمین سیاسی دباؤ کی وجہ سے آزادانہ طور پر کام نہیں کر پا رہے ہیں، تاہم ملازمین کسی بھی دباؤ سے خوفزدہ نہ ہوں اور اگر کوئی دباؤ ڈالے تو فوری طور پر ان کے علم میں لائیں تاکہ وہ معاملہ انچارج وزیر اور وزیر اعلیٰ تک پہنچا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے کاماریڈی میں پیش آنے والی سیاسی صورتحال پر پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں اور پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق تمام رہنماؤں کو متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی صرف مل جل کر کام کرنے کی ہدایت دیتی ہے، کسی ایک شخص کے ماتحت کام کرنے کی نہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ پارٹی کے فیصلوں پر مکمل عمل کریں گے اور پارٹی کا ہر فیصلہ ان کے لیے قابل احترام ہے۔
اس موقع پر میونسپل کونسلر مہیش، ڈی سی سی نائب صدر وجئے کمار ریڈی، اور دیگر قائدین پمپری سرینواس، شنکر راؤ، جمیل، سلیم، رنگا رمیش، مامندلا رمیش اور رنگا رمیش گوڑ سمیت متعدد افراد موجود تھے

