آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس ۔ نظام آباد کے ایکسائز سپرنٹنڈنٹ کے خلاف اے سی بی کی کارروائی
حیدرآباد، 24/جون(تلنگانہ وائس) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے نظام آباد کے ضلع پروہبیشن اینڈ ایکسائز آفیسر (ایکسائز سپرنٹنڈنٹ) کموری ملا ریڈی کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔
اے سی بی کے مطابق کموری ملا ریڈی نے اپنی ملازمت کے دوران بدعنوانی اور مشتبہ ذرائع کے ذریعے اپنی معلوم آمدنی سے کہیں زیادہ جائیدادیں حاصل کیں۔ اس سلسلے میں انسدادِ بدعنوانی قانون 1988 (ترمیم شدہ 2018) کی دفعہ 13(1)(ب) اور 13(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
23 جون کو ملزم افسر کی رہائش گاہ سمیت ان کے رشتہ داروں، بے نامی افراد اور قریبی ساتھیوں سے متعلق مجموعی طور پر 11 مقامات پر بیک وقت تلاشیاں لی گئیں۔ تلاشی کے دوران 4 رہائشی مکانات، ایک تجارتی عمارت، 8 کھلے پلاٹس اور 10.23 ایکڑ زرعی اراضی کا انکشاف ہوا۔
اے سی بی حکام نے تقریباً 3 لاکھ 31 ہزار روپے نقد رقم، 50 لاکھ روپے کے بینک بیلنس، جبکہ ملزم کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ کے نام پر موجود 3 بینک لاکرس کا بھی پتہ لگایا، جنہیں مزید تحقیقات کے دوران کھولا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایک گرینڈ وٹارا کار اور ایک ٹی وی ایس اسکوٹی بھی ضبط کی گئی۔ ابتدائی طور پر ضبط شدہ اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، جبکہ غیر منقولہ جائیدادوں کی مارکیٹ ویلیو دستاویزی قیمت سے کئی گنا زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اے سی بی کا کہنا ہے کہ مزید اثاثوں کی جانچ جاری ہے اور کیس کی تفتیش جاری رہے گی۔ ملزم افسر کو عدالتی ریمانڈ کے لیے نامپلی، حیدرآباد میں قائم خصوصی اے سی بی عدالت کے جج کے روبرو پیش کیا گیا۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم رشوت طلب کرے تو فوری طور پر اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں۔ شکایت کنندہ کی شناخت اور تفصیلات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی۔

