ہراہل صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جائیں گے: ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان کی یقین دہانی
کاماریڈی۔24/جون(سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس)ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضلع کے تمام اہل صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ بدھ کے روز ٹی یو ڈبلیو جے (آئی جے یو) کی قیادت میں صحافی، ضلع اطلاعات و تعلقات عامہ افسر (ڈی پی آر او) کی جانب سے ایکریڈیٹیشن کارڈوں کے اجرا میں مبینہ لاپروائی کے خلاف احتجاج کی تیاری کر رہے تھے، جس کے پیش نظر ضلع کلکٹر نے یونین نمائندوں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرکے تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران صحافیوں نے ڈی پی آر او کے رویے سے متعلق اپنی شکایات کلکٹر کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں منظور شدہ 273 ایکریڈیٹیشن کارڈوں میں سے صرف چند ہی تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ باقی کارڈ جاری کرنے میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ صحافیوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بس پاسوں کے معاملے میں بھی من مانا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور صحافیوں کے ساتھ نامناسب انداز میں پیش آیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ڈی پی آر او کا فوری تبادلہ کیا جائے یا انہیں محکمہ کے حوالے کر دیا جائے۔
ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے صحافیوں کے مسائل پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایکریڈیٹیشن کارڈوں کے اجرا کے معاملے میں کسی بھی اہل صحافی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ تمام مستحق افراد کو کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے ڈی پی آر او کے طرز عمل کی جانچ کرانے اور ضرورت پڑنے پر مناسب کارروائی کا بھی یقین دلایا۔
کلکٹر نے بلدیاتی امور کے ایڈیشنل کلکٹر این وی گری کو ہدایت دی کہ وہ ایکریڈیٹیشن کے عمل کی نگرانی کریں اور ایکریڈیٹیشن کمیٹی کے اراکین سے مشاورت کے بعد تمام اہل صحافیوں کو جلد از جلد کارڈ جاری کرانے کو یقینی بنائیں۔ کلکٹر کی واضح یقین دہانی کے بعد صحافیوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ٹی یو ڈبلیو جے (آئی جے یو) ضلع صدر وی راجنی کانت، نائب صدر سیدکوثرعلی، ضلع جنرل سکریٹری توتا راجیش، الیکٹرانک میڈیا صدر پٹنم سرینواس، عابد وی سی،جنرل سکریٹری سدھاکر گوڑ سمیت یونین کے دیگر عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔ کاماریڈی، ایلاریڈی، بانسواڑہ اور جکّل اسمبلی حلقوں سے بھی بڑی تعداد میں صحافی اس پروگرام میں شریک ہوئے۔


