معطل تحصیلدار سچریتا کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کا مقدمہ، پانچ کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے برآمد

معطل تحصیلدار سچریتا کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کا مقدمہ، پانچ کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے برآمد

حیدرآباد، 26 جون (تلنگانہ وائس) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (ACB) نے شامر پیٹ منڈل، ضلع میڑچل-ملکاجگری کی معطل تحصیلدار و جوائنٹ سب رجسٹرار سری متی تھمّاکومّا سچریتا کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اے سی بی کے مطابق سچریتا نے سرکاری ملازمت کے دوران مبینہ طور پر بدعنوانی اور غیر قانونی ذرائع سے اپنی معلوم آمدنی سے کہیں زیادہ اثاثے جمع کیے۔ اس سلسلے میں ان کی رہائش گاہ سمیت رشتہ داروں، بے نامی افراد اور قریبی ساتھیوں کے تین دیگر مقامات پر تلاشی لی گئی۔

تلاشی کے دوران ضلع سدی پیٹ کے دامرکنٹا گاؤں میں تقریباً 2 ایکڑ 17 گنٹے زرعی اراضی، حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 3 فلیٹس، کیسرا اور خانہ میٹ میں 2 پلاٹس کے دستاویزات برآمد ہوئے۔ علاوہ ازیں تقریباً 12 لاکھ روپے نقد، دو کاریں (فولکس ویگن اور ہنڈائی کریٹا)، تقریباً 1.20 کروڑ روپے مالیت کے سونے اور ہیروں کے زیورات اور 38 لاکھ روپے بینک بیلنس کا بھی انکشاف ہوا۔

اے سی بی کے مطابق تلاشی کے دوران اب تک مجموعی طور پر 5 کروڑ 5 لاکھ 52 ہزار 465 روپے مالیت کے اثاثوں کا پتہ چلا ہے، جبکہ غیر منقولہ جائیدادوں کی موجودہ مارکیٹ ویلیو دستاویزی قیمت سے کئی گنا زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

Advertisment

بیورو نے بتایا کہ مزید اثاثوں کی جانچ جاری ہے اور تحقیقات بدستور جاری ہیں۔ واضح رہے کہ سچریتا کو 26 مئی 2026 کو ایک علیحدہ رشوت ستانی کے مقدمے میں 30 لاکھ روپے رشوت طلب کرنے اور 2 لاکھ روپے بطور پہلی قسط وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، اور وہ فی الحال عدالتی تحویل میں ہیں۔

اے سی بی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم رشوت طلب کرے تو فوری طور پر ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں۔ شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔