عادل آباد: ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی مہم (SIR) کا آغاز، افواہوں پر کان نہ دھریں: کلکٹر راجرشی شاہ
عادل آباد، 25/ جون(تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ ووٹر فہرست کو شفاف، درست اور خامیوں سے پاک بنانے کے مقصد سے خصوصی جامع نظرثانی (SIR) پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو 24 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران بوتھ سطحی افسران (BLOs) گھر گھر جا کر ووٹروں کی تفصیلات کی جانچ اور تصدیق کریں گے۔

ضلع کلکٹر نے جمعرات کو اپنے کیمپ آفس میں خود بھی ووٹر اندراج فارم بھر کر اس مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایل او ان کی رہائش گاہ پہنچے تو انہوں نے 2002 کی ووٹر فہرست کے مطابق اپنی تفصیلات درج کرکے تصویر کے ساتھ فارم جمع کرایا، جسے فوری طور پر BLO ایپ کے ذریعے تصدیق کرکے اپ لوڈ کیا گیا۔

اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ بعض افراد میں یہ غلط فہمی پائی جا رہی ہے کہ اگر ان کے والدین یا سرپرستوں کے ووٹ کسی اور ضلع یا ریاست میں درج ہیں تو ان کا موجودہ ووٹ حذف ہو جائے گا، جبکہ ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اہل اور حقیقی ووٹروں کے نام کسی صورت فہرست سے خارج نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والے تمام اینیومریشن فارموں کی بنیاد پر 31 جولائی کو مسودہ ووٹر فہرست (Draft Roll) جاری کی جائے گی۔ کلکٹر نے عوام سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں سے محتاط رہنے اور مقررہ مدت کے اندر فارم بھر کر جمع کرانے کی اپیل کی۔
انہوں نے ووٹروں کو مشورہ دیا کہ فارم میں اپنی تفصیلات کے ساتھ والدین، دادا دادی، نانا نانی یا سرپرستوں کے ووٹر اندراج کی معلومات بھی درج کریں۔ فارم کی ایک نقل ووٹر کے پاس محفوظ رہے گی جبکہ دوسری نقل بی ایل او کے حوالے کی جائے گی۔
اس موقع پر تحصیلدار سرینواس سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

