آتش زنی کا ملزم گرفتار، عدالت نے ریمانڈ پر بھیجا
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹو ٹاؤن پولیس کی فوری کارروائی، جانی نقصان بال بال ٹل گیا
عادل آباد، 29/ جون(تلنگانہ وائس) عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے آتش زنی کے ایک سنگین مقدمہ میں تیز رفتار تحقیقات کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ اس بات کی اطلاع ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو نے ایک صحافتی بیان میں دی۔
تفصیلات کے مطابق 26 جون کی علی الصبح تقریباً ایک بجے مقامی نہرو نگر کے رہنے والے 26 سالہ گجبے اکشے ولد سنجے نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ایک مکان کے احاطے میں رکھے ہوئے سامان کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے میں مالی نقصان ہوا جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر ٹو ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے اطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں عدالت میں پیش کرنے پر عدالت نے اسے ریمانڈ پر بھیج دیا۔
انسپکٹر کے. ناگراجو نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی جرم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور مجرموں کی شناخت میں سی سی ٹی وی کیمرے نہایت مؤثر ثابت ہوتے ہیں، لہٰذا ہر شہری اپنے گھروں اور کاروباری مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرے۔

