کاماریڈی پولیس کے چار فرض شناس اہلکار سبکدوش، ایس پی راجیش چندرا نے شاندار انداز میں تہنیت پیش کی
کاماریڈی، 30/ جون (تلنگانہ وائس ڈیجیٹل) ضلع پولیس دفتر کاماریڈی میں محکمہ پولیس کے چار سینئر اور فرض شناس اہلکاروں کی سبکدوشی کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم۔ راجیش چندرا، آئی پی ایس نے ریٹائر ہونے والے اہلکاروں کی طویل، دیانتدارانہ اور مثالی خدمات کو محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی گلپوشی، شال پوشی اور یادگاری مومنٹوز پیش کر کے بھرپور تہنیت پیش کی۔

اپنے خطاب میں ایس پی راجیش چندرا نے کہا کہ پولیس کی ملازمت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور انصاف کی فراہمی کی ایک عظیم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے اہلکاروں نے تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک انتہائی ایمانداری، فرض شناسی اور نظم و ضبط کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہوئے محکمہ پولیس کا وقار بلند کیا اور عوام کا اعتماد حاصل کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ چاروں اہلکار کانسٹیبل کے عہدے سے اپنی ملازمت کا آغاز کرکے اپنی محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کے باعث ترقی حاصل کرتے ہوئے مختلف ذمہ دار عہدوں تک پہنچے۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی نوجوان پولیس اہلکاروں کے لیے ایک روشن مثال اور مشعلِ راہ ہے۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے اہلکاروں میں سی سی ایس کاماریڈی کے سب انسپکٹر محمد عثمان، دیون پلی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر دتاتری گوڑ، بیرکور پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے۔ شنکر، اور راجم پیٹ پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل شیخ احمد شامل تھے، جنہوں نے تقریباً 35 تا 36 برس محکمہ پولیس میں قابلِ ستائش خدمات انجام دیں۔
تقریب میں ریٹائر ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ ضلع ایس پی نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، خوشحالی اور سکون سے بھرپور ریٹائرڈ زندگی عطا فرمائے اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشگوار زندگی بسر کریں۔

