عادل آباد میں مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے گستاخ نازیہ الٰہی کے خلاف پولیس میں شکایت
عادل آباد، 30/ جون (تلنگانہ وائس ڈیجیٹل)مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) عادل آباد کی جانب سے صدر کل ہند مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت اور ضلع انچارج و رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کی سرپرستی میں،گستاخ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم ) نازیہ الٰہی کے خلاف عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کروائی گئی۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ نازیہ الٰہی نے ایسے بیانات دیے جن سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے، اور اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر مذہبی رہنما مفتی سردار رحمانی قاسمی سمیت دیگر علماء کرام، مجلسی قائدین اور کارکنان موجود تھے۔ شکایت درج کرانے کے بعد قائدین نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے بیانات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں، لہٰذا پولیس متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری اور سخت قانونی کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان ہر طرح کی مشکلات برداشت کر سکتا ہے، لیکن حضرت محمد ﷺ کی شانِ اقدس میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ قائدین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوامی امن و امان کو برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے اس معاملے میں بلا تاخیر مؤثر قانونی اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ نازیہ الٰہی ایک سیاسی کارکن اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ اقلیتی مورچہ کی رہنما کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ حالیہ دنوں اس سے منسوب بعض ویڈیو بیانات سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں، جن پر مختلف مسلم تنظیموں اور مذہبی حلقوں نے شدید اعتراض کرتے ہوئے ملک کے مختلف مقامات پر پولیس میں شکایات درج کرائی ہیں۔ اس معاملے میں مختلف مقامات پر قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

