تلنگانہ وائس ڈیجیٹل نیوز
عادل آباد ضلع بھر میں 30 پولیس ایکٹ نافذ – ایس پی اکھِل مہاجن آئی پی ایس
عادل آباد۔ یکم/جولائی (تلنگانہ وائس)
عادل آباد ضلع میں امن و امان کی برقراری اور غیر قانونی و غیر سماجی سرگرمیوں کی روک تھام کے پیش نظر یکم جولائی سے 31 جولائی تک پورے ضلع میں دفعہ 30 پولیس ایکٹ 1861 نافذ کر دی گئی ہے۔ یہ بات ضلع ایس پی اکھِل مہاجن آئی پی ایس نے جاری کردہ ایک صحافتی اعلامیہ میں بتائی۔
ایس پی نے واضح کیا کہ بغیر پیشگی اجازت کے کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات، جلسے، ریلیاں، دھرنے اور جلوسوں کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ اسی طرح ڈی جے، لاؤڈ اسپیکر، اور دیگر بلند آواز والے ساؤنڈ سسٹمز کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ، لاٹھیاں، ڈنڈے، دھماکہ خیز مواد یا کسی بھی قسم کے ممنوعہ ہتھیار رکھنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوامی زندگی میں خلل ڈالنے والے تمام پروگرام مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔
ایس پی اکھِل مہاجن نے خبردار کیا کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 30 پولیس ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ تمام افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی پروگرام کے انعقاد سے قبل لازمی طور پر متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کریں۔

