عادل آباد۔ یکم/جولائی(تلنگانہ وائس)
ضلع کلکٹر عادل آباد راجرشی شاہ نے تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور غذائی کاروبار سے وابستہ افراد کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوڈ سیفٹی کے تمام اصولوں اور صفائی کے معیارات پر سختی سے عمل کریں تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش غذا فراہم کی جا سکے۔

چہارشنبہ کے روز بھکتا پور میں واقع تنشک فیملی ریسٹورنٹ میں فوڈ سیفٹی سوسائٹی ادارے کے زیر اہتمام فوڈ سیفٹی، صفائی، ضابطوں اور فوسٹاک (FoSTaC) تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ عوام کی صحت سے وابستہ معاملات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر غذائی کاروباری ادارے کے لیے ایف ایس ایس اے آئی (FSSAI) کا کارآمد لائسنس اور فوسٹاک تربیتی سرٹیفکیٹ رکھنا لازمی ہے۔

انہوں نے تمام کاروباری افراد سے اپیل کی کہ ضلع عادل آباد کو محفوظ غذائی ضلع بنانے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
ضلع فوڈ سیفٹی آفیسر سنیتا نے اس موقع پر کہا کہ ریاستی سطح پر ایف ایس ایس اے آئی کی نگرانی جاری ہے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے فوسٹاک تربیتی پروگرام نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر کاروباری ادارہ اپنے FSSAI لائسنس اور FoSTaC سرٹیفکیٹ کو نمایاں مقام پر آویزاں کرے تاکہ صارفین کا اعتماد برقرار رہے اور قانونی تقاضے بھی پورے ہوں۔

تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے مقامی غذائی کاروباری افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس پروگرام میں فوڈ سیفٹی آفیسر سنیتا، کوآرڈینیٹر ٹی سندھو، ریاستی انچارج ایس بالاکرن، جی ایم کے دیپو کمار، فیلڈ ایگزیکٹیوز امرینڈر، سہیل اور بڑی تعداد میں کاروباری حضرات نے شرکت کی۔


