سامبر میں چھپکلی نکلنے پر "بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” سیل، مالک کے خلاف مقدمہ درج

سامبر میں چھپکلی نکلنے پر "بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” سیل، مالک کے خلاف مقدمہ درج

عادل آباد۔7/جولائی(تلنگانہ وائس)  عادل آباد مستقر  میں واقع ” بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک گاہک کو کھانے کے دوران سامبر میں چھپکلی نظر آئی۔ یہ واقعہ منگل کے روز مہیشوری تھیٹر کے قریب واقع "بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” میں پیش آیا۔

متاثرہ شخص راجیشور کے مطابق وہ "بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” میں اپنے بہنوئی کے ساتھ ڈوسا کھا رہے تھے کہ اچانک سامبر میں انہیں چھپکلی نظر آئی۔ یہ منظر دیکھ کر وہ حیران رہ گئے اور فوراً ہوٹل انتظامیہ کو اس کی اطلاع دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے صرف "غلطی ہو گئی” کہہ کر معذرت کر لی، مگر اس قسم کی لاپرواہی کسی کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔

راجیشور نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی شخص انجانے میں آلودہ سامبر کھا لیتا اور اس کی طبیعت خراب ہو جاتی تو اس کی ذمہ داری کون قبول کرتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

شکایت موصول ہوتے ہی ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ میونسپل سینیٹری انسپکٹر شنکر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ "بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” کا معائنہ کیا، جہاں کچن، کھانے پینے کی اشیاء اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ابتدائی جانچ میں فوڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی سامنے آنے پر اعلیٰ حکام کی ہدایت کے مطابق "بادام جوس بار و ٹفن سنٹر” کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ ہوٹل مالک روی کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام نے تمام ہوٹل مالکان کو خبردار کیا ہے کہ عوام کو معیاری اور محفوظ غذا فراہم کرنا ان کی قانونی ذمہ داری ہے، اور صفائی یا خوراک کے معیار میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔