سوشل میڈیا پر پولیس کی 24 گھنٹے کڑی نظر، اشتعال انگیز پوسٹس پر سخت کارروائی

سوشل میڈیا پر پولیس کی 24 گھنٹے کڑی نظر، اشتعال انگیز پوسٹس پر سخت کارروائی

عادل آباد۔17/جولائی(تلنگانہ وائس)ضلع عادل آباد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر پولیس کی جانب سے 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس کی ہدایت پر قائم سوشل میڈیا سیل کے ذریعہ واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام، ایکس اور دیگر پلیٹ فارمس پر اشتعال انگیز پوسٹس، نفرت انگیز تبصرے اور جھوٹی تشہیر پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

پولیس نے خبردار کیا کہ اشتعال انگیز یا نفرت پھیلانے والی پوسٹس شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔واٹس ایپ گروپ ایڈمنس بھی اپنی ذمہ داری نبھائیں اور غیر قانونی مواد کو فوری طور پر حذف کریں، بصورت دیگر پوسٹ کرنے والوں کے ساتھ ساتھ گروپ ایڈمنس کے خلاف بھی فوجداری مقدمات درج کئے جا سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق حالیہ اشتعال انگیز پوسٹس کے پیش نظر ایک واٹس ایپ گروپ پر پابندی عائد کئے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اطلاعات کو شیئر نہ کریں، نفرت انگیز پوسٹس اور تبصروں سے دور رہیں اور سوشل میڈیا کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔

پولیس کا انتباہ: سوشل میڈیا پر کیا گیا ایک غلط پوسٹ بھی قانونی کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔