دھوکہ دہی سے حاصل رقم سے تعمیر شدہ مکان ضبط، عدالت کے حکم پر جینتھ پولیس کی کارروائی
عادل آباد، 3/ جولائی (تلنگانہ وائس)عادل آباد ضلع کے جینتھ پولیس نے عدالت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم سے تعمیر شدہ ایک مکان کو ضبط کر لیا۔ اس کارروائی کی اطلاع جینتھ سرکل انسپکٹر جی. شراون نے صحافیوں کو دی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری اور فروری کے دوران جینتھ پولیس اسٹیشن میں درج مقدمات کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مرکزی ملزم درشنال راج کمار عرف راجو نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لوگوں کو خفیہ خزانہ نکالنے اور منتر شکتی کے ذریعے سونا برآمد کرنے کا جھانسہ دے کر ضلع بھر کے 26 متاثرین سے مجموعی طور پر ایک کروڑ تین لاکھ اسی ہزار روپے ہتھیا لیے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے دھوکہ دہی سے حاصل شدہ رقم کے ایک حصے سے بھیم پور منڈل کے پیپل کوٹی گاؤں میں ایک نیا مکان تعمیر کرکے اپنے والدین کے نام کر دیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے کو عدالت کے روبرو پیش کیا، جس پر عدالت نے متاثرین کی رقم سے تعمیر شدہ جائیداد قرار دیتے ہوئے مکان ضبط کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالتی احکامات کی تعمیل میں جینتھ پولیس نے جمعرات کو مذکورہ مکان کو باضابطہ طور پر ضبط کر لیا۔
سی آئی جی. شراون نے کہا کہ جرائم کے ذریعے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیدادوں کے خلاف آئندہ بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس نوعیت کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی صورت میں بلا خوف و خطر پولیس سے رجوع کریں۔

پولیس کے مطابق ضلع بھر میں ملزم کے خلاف مجموعی طور پر 19 مقدمات درج ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

