عادل آباد: اگر اینومریشن کے فارم جمع نہ ہوئے تو ووٹ منسوخ ہونے کا خدشہ، ہر ووٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے: کنڈی سرینواسا ریڈی
عادل آباد، 11/ جولائی(تلنگانہ وائس)عادل آباد اسمبلی حلقہ کے کانگریس انچارج کندی سرینواسا ریڈی نے خبردار کیا ہے کہ اگر خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) کے تحت مقررہ مدت میں گنتی (Enumeration) فارم جمع نہ کیے گئے تو ووٹ خارج ہونے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ووٹ کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ایک بھی ووٹ ضائع نہیں ہونا چاہیے۔

ہفتہ کے روز اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے BLA-2s، بی ایل اوز، سپروائزرز، منڈل صدور، عوامی نمائندوں اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ فارموں کی تکمیل اور ان کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں 100 فیصد ہدف حاصل ہو سکے۔

کندی سرینواسا ریڈی نے کہا کہ حلقہ میں اب تک تقریباً 35 فیصد فارم بھرے جا چکے ہیں جبکہ صرف 21.75 فیصد فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جینتھ، ساتنالا، بیلہ، بھورج اور عادل آباد دیہی منڈلوں میں پیش رفت بہتر ہے، جبکہ عادل آباد اربن اور موالا منڈل میں رفتار انتہائی سست ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئندہ 13 دن انتہائی اہم ہیں، اس دوران ہر اہل ووٹر کا فارم لازمی طور پر بھر کر جمع کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تحفظ صرف BLA کی ذمہ داری نہیں بلکہ پارٹی کے ہر کارکن اور ذمہ دار کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

کندی سرینواسا ریڈی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوام میں بیداری پیدا کریں، آن لائن فارم بھرنے میں ووٹروں کی مدد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کانگریس کے ایک بھی حامی کا ووٹ ضائع نہ ہو۔

اجلاس میں اے ٹی ایم اے کمیٹی کے چیئرمین گیما سنتوش راؤ، میونسپل فلور لیڈر اجاجگیری سنجے، سابق فلور لیڈر بنڈاری ستیش، ضلع کانگریس صدر خضر پاشا، مختلف منڈل صدور، پارٹی قائدین، کونسلرس، سرپنچ اور بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے شرکت کی۔

