سرنج کے ذریعے ٹیپینٹاڈول گولیوں کا نشہ، اوٹنور میں 3 گرفتار
5 افراد کے خلاف مقدمہ درج، 2 ملزمین فرار — گولیاں، سرنجیں اور موبائل فون ضبط
اوٹنور، 17/ جولائی(تلنگانہ وائس) اوٹنور پولیس نے ممنوعہ درد کش دوا ٹیپینٹاڈول کو نشہ آور مادہ کے طور پر استعمال کرنے اور غیر قانونی طور پر فروخت کرنے والے ایک گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو دیگر ملزمین فرار ہیں۔

اوٹنور اے ایس پی روتھوک سائی کوٹے، آئی پی ایس کے مطابق 16 جولائی کی شام اوٹنور میں عیدگاہ کے قریب واقع کے بی کمپلیکس کے پاس پولیس نے تلاشی لی۔ اس دوران بعض افراد ٹیپینٹاڈول گولیوں کو سرنج کے ذریعے نشہ کے لیے استعمال کرتے ہوئے پائے گئے۔

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ فارماسسٹ کدم عرف کدم شیکھر بغیر کسی مستند ڈاکٹر کے نسخے کے ٹیپینٹاڈول گولیاں غیر قانونی طور پر فروخت کررہا تھا۔ جبکہ دیگر ملزمین ان گولیوں کو خرید کر نشہ کے لیے استعمال کررہے تھے۔
پولیس نے A-1 چوہان عرف نکھل راج، A-2 پوڈیٹی ونشی کرشنا اور A-5 کدم شیکھر کو گرفتار کرلیا، جبکہ A-3 اور A-4 مفرور بتائے گئے ہیں۔
ملزمین کے قبضہ سے ٹیپینٹاڈول گولیوں کی تین پٹیاں، دو سرنجیں، ایک ایپل موبائل فون اور ایک ویوو موبائل فون ضبط کیا گیا۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کردیا گیا، جبکہ مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لیے پولیس کی تلاش جاری ہے۔
یہ کارروائی اوٹنور اے ایس پی روتھوک سائی کوٹے، آئی پی ایس کی نگرانی میں سی آئی ایم. پرساد کی قیادت میں ایس آئی وجئے اور اوٹنور پولیس اسٹیشن کے عملہ نے مشترکہ طور پر انجام دی۔

