معذوری کو شکست دے کر کامیابی کی نئی داستان رقم کرنے والے وینکٹا رمنہ کو وزیر جوپلی کا سلام

پیدائشی معذوری کے باوجود ماہانہ 50 ہزار کمانے والے نوجوان کی وزیر نے ستائش کی

عزم و حوصلے کی جیتی جاگتی مثال، وینکٹا رمنہ کو وزیر جوپلی کی مبارکباد

عادل آباد۔14/ جون (تلنگانہ وائس)

جسمانی معذوری کو اپنی کمزوری بنانے کے بجائے عزم و حوصلے سے کامیابی کی نئی مثال قائم کرنے والے نوجوان "وینکٹا رمنہ” کو تلنگانہ کے ضلع انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر نے کہا کہ وینکٹا رمنہ کی جدوجہد اور کامیابی ہزاروں نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔

"پابندیوں کو مات دے کر کامیابی حاصل کرنے والے وینکٹا رمنہ سب کے لیے مثال "

ہفتہ کے روز وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے عادل آباد ضلع کلکٹر راجرشی شاہ اور ضلع ایس پی اکھل مہاجن کے ہمراہ عادل آباد کے کیلاش نگر میں واقع وینکٹا رمنہ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وینکٹا رمنہ کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ "تمہاری صلاحیتوں کو میرا سلام۔”

آپ کو بتادیں کہ پیدائشی طور پر ہڈیوں کی کمزوری کی بیماری میں مبتلا وینکٹا رمنہ چلنے پھرنے سے بھی محروم ہیں، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ والدین کی مسلسل حوصلہ افزائی اور اپنی محنت کے بل بوتے پر انہوں نے اوپن اسکول کے ذریعے دسویں جماعت مکمل کی اور صرف ایک ہاتھ سے موبائل فون استعمال کرتے ہوئے آن لائن ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھی۔

وینکٹا رمنہ نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ وہ اس وقت ایک ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی میں ٹیم لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ماہانہ 50 ہزار روپے سے زائد آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ گوگل میٹ کے ذریعے تقریباً 300 نوجوانوں کو ڈیجیٹل خدمات کی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر جوپلی نے وینکٹا رمنہ کے والدین سریش اور سنتوش کمار کی بھی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ بیس برسوں سے انہوں نے اپنے بیٹے کی پرورش اور حوصلہ افزائی میں جو قربانیاں دی ہیں وہ قابلِ تقلید ہیں۔

اس موقع پر میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا، ایڈیشنل کلکٹر راجیشور، ضلع ویلفیئر آفیسر ملکا، عوامی نمائندے اور مختلف محکموں کے افسران سمیت متعلقہ وارڈ 38 نمائندہ کونسلر شیخ ارباز بھی موجود تھے۔