وقت کے ضیاع سے بچ کر تعطیلات کا بہترین استعمال کریں، مہتمم مولانا وسیم قاسمی کا طلبہ سے خطاب  چھٹی کے دوران بھی تعلیمی تسلسل برقرار رکھیں

وقت کے ضیاع سے بچ کر تعطیلات کا بہترین استعمال کریں، مہتمم مولانا وسیم قاسمی کا طلبہ سے خطاب

چھٹی کے دوران بھی تعلیمی تسلسل برقرار رکھیں

ممبئی 15؍ ستمبر(تلنگانہ وائس)

دارالعلوم حسینیہ کاندیولی، ممبئی میں ششماہی امتحانات کی تکمیل اور تعطیلات کے آغاز کے موقع پر مہتمم دارالعلوم مولانا محمد وسیم قاسمی نے طلبہ سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی محنت اور تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور آئندہ بھی محنت، لگن، دلجمعی، نظم و ضبط اور پابندیِ وقت کے ساتھ حصولِ علم جاری رکھنے کی تلقین کی۔

Advertising

مولانا محمد وسیم قاسمی نے کہا کہ طالب علمی کا زمانہ زندگی کا نہایت قیمتی مرحلہ ہے، اس لیے طلبہ اپنے وقت کے ایک ایک لمحے کی قدر کریں اور اسے مفید و تعمیری سرگرمیوں میں صرف کریں۔ انہوں نے تعطیلات کے دوران آدابِ سفر کی رعایت کے ساتھ والدین اور اہلِ خانہ سے حسنِ سلوک، بڑوں کے ادب، چھوٹوں سے شفقت اور معاشرتی آداب کی پابندی پر بھی زور دیا۔

مولانا نے طلبہ کو نمازوں کی پابندی، تلاوتِ قرآنِ کریم، مطالعہ اور دیگر دینی و تعلیمی مشاغل کو معمول بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعطیلات محض آرام اور وقت گزاری کا نام نہیں، بلکہ اپنی اصلاح، عبادت، مطالعہ اور اخلاقی تربیت کے لیے ایک بہترین موقع ہیں۔ انہوں نے غیر ضروری مصروفیات اور وقت کے ضیاع سے بچنے کی بھی تاکید کی۔

آخر میں مہتمم دارالعلوم نے طلبہ کو سختی سے ہدایت دی کہ تعطیلات کے اختتام پر مقررہ تاریخ اور وقت کے مطابق دارالعلوم میں حاضری یقینی بنائیں اور نئے تعلیمی مرحلے کا آغاز نئے عزم، باقاعدگی اور نظم و ضبط کے ساتھ کریں۔