گاندھی پارک میں بچوں کی ٹرین دوبارہ شروع، کلکٹر راجرشی شاہ، ایم ایل اے پائل شنکر اور چیئرپرسن انوشا نے کیا افتتاح

گاندھی پارک میں بچوں کی ٹرین دوبارہ شروع، کلکٹر راجرشی شاہ، ایم ایل اے پائل شنکر اور چیئرپرسن انوشا نے کیا افتتاح

عادل آباد، 22/جون(تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر کے تاریخی گاندھی پارک میں کئی برسوں سے بند پڑی بچوں کی تفریحی ٹرین کو دوبارہ عوام کے لیے دستیاب کر دیا گیا۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے مقامی ایم ایل اے پائل شنکر اور میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا کے ہمراہ ربن کاٹ کر ٹرین کا افتتاح انجام دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ گاندھی پارک نہ صرف عادل آباد شہر بلکہ اطراف کے دیہی علاقوں کے عوام کے لیے بھی ایک اہم تفریحی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ تعطیلات اور شام کے اوقات میں بڑی تعداد میں بچے اور خاندان یہاں آکر مختلف جھولوں اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی نمائندوں کی تجاویز کے مطابق اربن چیلنج فنڈ اور ٹی ایف آئی ڈی سی فنڈز کے ذریعے گاندھی پارک کو مزید ترقی دینے کے منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔ مستقبل قریب میں پارک میں مزید جدید تفریحی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول میسر آسکے۔

ایم ایل اے پائل شنکر نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات تا آٹھ برسوں سے بند بچوں کی ٹرین کو ضلع کلکٹر کی خصوصی دلچسپی کے باعث دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے خوشگوار اور تفریحی ماحول کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔

ایم ایل اے نے مزید بتایا کہ عادل آباد شہر میں صبح و شام چہل قدمی کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر موجودہ اسٹیڈیم میں جگہ ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ اس مسئلہ کے حل کے لیے گاندھی پارک کی چار دیواری کے اطراف تقریباً 15 تا 20 فٹ چوڑا جدید واکنگ ٹریک تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس کے لیے مالی وسائل کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تعاون سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ اربن چیلنج فنڈ کے تحت تقریباً 800 کروڑ روپے کے فنڈز کے حصول کے لیے مرکزی وزیر اور ریاستی وزیر اعلیٰ سے بھی بات چیت کی جا چکی ہے اور جلد از جلد اس منصوبے کو عادل آباد لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا نے کہا کہ بچوں کے لیے مزید بہتر تفریحی ماحول فراہم کرنے کی غرض سے گاندھی پارک کی ترقی کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر راجیشور، میونسپل کمشنر جگدیشور گوڑ، کونسلر جیوتی، بڑی تعداد میں بچے، عوامی نمائندے اور شہری شریک تھے۔