عتیق الرحمن متحرک و فعال عوامی لیڈر، وارڈ 35 شانتی نگر کے مسائل پر میونسپل کمشنر سے فوری مداخلت کا مطالبہ
عادل آباد، 23 /جون(تلنگانہ وائس ڈیسک)
عادل آباد کے وارڈ نمبر 35 شانتی نگر کے سماجی کارکن اور کانگریس پارٹی وارڈ انچارج عتیق الرحمن نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک بار پھر اپنی سرگرمیوں کا ثبوت دیتے ہوئے میونسپل کمشنر عادل آباد کو تحریری نمائندگی پیش کی ہے۔ انہوں نے وارڈ میں پانی کی شدید قلت اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

عتیق الرحمن نے اپنی درخواست میں بتایا کہ شانتی نگر کے تقریباً 60 فیصد مکانات میں زیر زمین پانی دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث مکین مکمل طور پر بلدیہ کی جانب سے فراہم کردہ نل کے پانی پر انحصار کرتے ہیں۔ تاہم پانی کی فراہمی ناکافی ہونے کے سبب عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں، خصوصاً گرمی کے موسم میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی نالیاں عرصہ دراز سے صاف نہیں کی گئیں، جس کی وجہ سے گندا پانی جمع ہو رہا ہے اور تعفن پھیلنے کے ساتھ مختلف بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ میونسپل عملہ وارڈ کے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہا، حالانکہ مقامی عوام کی جانب سے متعدد مرتبہ شکایات کی جا چکی ہیں۔

اپنی نمائندگی میں عتیق الرحمن نے میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وارڈ نمبر 35 میں روزانہ مناسب مقدار میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، مسئلہ حل ہونے تک ایک یا دو واٹر ٹینکر روزانہ روانہ کیے جائیں، تمام نالیوں کی فوری صفائی عمل میں لائی جائے اور متعلقہ عملے کو عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک کیا جائے۔

مقامی عوام نے عتیق الرحمن کی اس عوامی جدوجہد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ میونسپل انتظامیہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے شانتی نگر کے مکینوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرے گی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عتیق الرحمن مسلسل عوامی مسائل کو حکام کے سامنے اٹھاتے ہوئے ایک متحرک اور فعال عوامی نمائندے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔


