جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والا شخص گرفتار ۔ غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل پر دوسرے گاڑی کا نمبر استعمال، پولیس کی سخت کارروائی

 

عادل آباد | 27/ جون(تلنگانہ وائس)

جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والا شخص گرفتار

غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل پر دوسرے گاڑی کا نمبر استعمال، پولیس کی سخت کارروائی

عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ ون ٹاؤن انسپکٹر بی. سنیل کمار کے مطابق خصوصی گاڑی چیکنگ مہم کے دوران ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو روک کر تلاشی لی گئی، جس پر لگی نمبر پلیٹ جعلی پائی گئی۔

پولیس کی تحقیقات میں گرفتار ملزم کی شناخت فیروز خان (46) ولد حمید خان، ساکن اندیرما کالونی، عادل آباد کے طور پر ہوئی۔ معلوم ہوا کہ ملزم نے تقریباً دو سال قبل ایک غیر رجسٹرڈ سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل خریدی تھی، لیکن اس کا رجسٹریشن کرانے کے بجائے کسی دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ لگا کر استعمال کر رہا تھا۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

اس موقع پر انسپکٹر بی. سنیل کمار نے کہا کہ بعض جرائم پیشہ عناصر اپنی اصل شناخت چھپانے کے لیے جعلی یا دوسرے گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں استعمال کرتے ہیں، جو قانوناً سنگین جرم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی تمام گاڑیوں کا بروقت رجسٹریشن کرائیں اور کسی بھی صورت میں جعلی نمبر پلیٹ استعمال نہ کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔