ہر ووٹر خصوصی نظرثانی (SIR) عمل میں لازماً حصہ لے،
شفاف ووٹر فہرست کی تیاری کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر،
کوئی بھی اہل ووٹر اندراج سے محروم نہ رہے، مدینہ مسجد کاماریڈی میں آج بعد نماز جمعہ محمدعلی شبیر کا مصلیوں سے خطاب
کاماریڈی، 27/ جون (سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس)
تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے کہا ہے کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کا عمل جمہوریت کے تحفظ اور مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔
مدینہ مسجد کاماریڈی میں جمعہ کی نماز کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ووٹر کو اپنے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے لازماً ایس آئی آر عمل میں حصہ لینا چاہیے اور ووٹر فہرست میں اپنے نام اور دیگر تفصیلات کا اندراج یا تصدیق کرانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے شروع کی گئی خصوصی نظرثانی مہم کا مقصد ووٹر فہرست کو شفاف اور غلطیوں سے پاک بنانا ہے، جس کے لیے عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں ہر شہری کی شرکت اہم ہے اور ووٹ کا حق آئین کی طرف سے دیا گیا ایک قیمتی حق ہے۔

شبیر علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ووٹر فہرست میں اپنے نام کی موجودگی اور درستگی کی جانچ کریں۔ اگر کسی قسم کی غلطی ہو تو بروقت اس کی اصلاح کروائیں، جبکہ نئے اہل افراد لازماً ووٹر کے طور پر اپنا اندراج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضروری دستاویزات جمع کروا کر اندراج، تصحیح اور تصدیق کا عمل بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی آر عمل سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنا سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، سماجی تنظیموں اور کارکنان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دیہات، وارڈز اور کالونیوں کی سطح پر عوامی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ ایک بھی اہل ووٹر اندراج سے محروم نہ رہ جائے۔

آخر میں شبیر علی نے تمام ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا تحفظ کرتے ہوئے خصوصی نظرثانی (SIR) عمل میں فعال حصہ لیں اور جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں

