کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے محروم نہ رہے ۔ مارکیٹ کمیٹی چیئرمین بورنچو سریکانت ریڈی
عادل آباد، 4 /جولائی(تلنگانہ وائس)
عادل آباد شہر کے وارڈ نمبر 33 کے کمیونٹی ہال میں کونسلر محبوب کی نگرانی میں ایس آئی آر (S.I.R)سے متعلق رہنمائی کے لئے ہیلپ سنٹر پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں عادل آباد زرعی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین بورنچو سریکانت ریڈی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین نے پولنگ اسٹیشن نمبر 275، 277، 278 اور 288 سے وابستہ سپروائزروں، بی ایل اوز (BLO)، بی ایل ایز (BLA)، پارٹی کارکنوں اور کونسلروں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ووٹر اندراج، فارموں کی تقسیم اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان چار پولنگ اسٹیشنوں کے دائرے میں موجود 4,256 ووٹروں میں سے اب تک 3,700 افراد کو فارم فراہم کرکے کمیونٹی ہال میں ہی انہیں پُر کروایا جا چکا ہے، جبکہ باقی 546 فارم بھی جلد از جلد اہل ووٹروں تک پہنچانے کی ہدایت دی گئی۔
بورنچو سریکانت ریڈی نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی اہل ووٹر ووٹر لسٹ سے محروم نہ رہے، اس کے لیے عوامی نمائندے، پارٹی کارکن اور متعلقہ حکام باہمی تعاون سے کام کریں۔ انہوں نے اس مہم کو ذمہ داری کے ساتھ انجام دینے پر کونسلر محبوب کی خصوصی ستائش بھی کی۔
بعد ازاں مقامی کونسلر اور پارٹی کارکنوں نے بورنچو سریکانت ریڈی کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس پروگرام میں سید شوکت علی، نذیر خان، اللہ بخش، سید ریان علی، رینڈلا راجنا،عبدالوسیم، کوتھاپلی اڈیلو سمیت دیگر قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔

