جماعت اسلامی ہند نرمل کے زیر اہتمام ایس آئی آر بیداری پروگرام، عوامی رہنمائی کے لیے 10 روزہ ہیلپ سنٹر کا آغاز ۔ سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ شیخ حبیب علی کی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن، فارم پُر کرنے کا طریقہ اور ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا

نرمل سے وسیع اللہ خان کی رپورٹ

نرمل، 12/ جولائی(تلنگانہ وائس)

ریاست تلنگانہ میں جاری خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) کے عمل سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنے اور شکوک و شبہات دور کرنے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند، نرمل کے زیر اہتمام اسلامک سنٹر، نرمل میں ایک اہم بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند نرمل، غلام درانی نے کی، جبکہ سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ شیخ حبیب علی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔

Advertisment

ایڈوکیٹ شیخ حبیب علی نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ایس آئی آر کے انیومریشن فارم پُر کرنے کے مکمل طریقۂ کار کی تفصیلی وضاحت کی۔ انہوں نے فارم بھرنے کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر، اہم نکات اور درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء کو عملی رہنمائی فراہم کی۔

Advertisment

پروگرام کے دوران شرکاء نے ایس آئی آر کے عمل سے متعلق مختلف سوالات اور شکوک و شبہات پیش کیے، جن کے ایڈوکیٹ شیخ حبیب علی نے تفصیلی اور اطمینان بخش جوابات دیے۔ انہوں نے بالخصوص مسلم عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام ضروری دستاویزات بروقت تیار کروا لیں تاکہ ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

Advertisment

اس موقع پر امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند نرمل غلام درانی نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرِ ثانی کا عمل جاری ہے، تاہم عوام میں درست معلومات کی کمی باعثِ تشویش ہے۔ اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ملت کی رہنمائی، خصوصاً انیومریشن فارم بھرنے کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے اس بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 12 جولائی سے 22 جولائی تک اسلامک سنٹر، نرمل میں 10 روزہ ایس آئی آر ہیلپ سنٹر قائم کیا گیا ہے، جو روزانہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک عوام کی رہنمائی اور فارم بھرنے میں معاونت کے لیے خدمات انجام دے گا۔ انہوں نے عوام سے اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی۔

پروگرام کا آغاز حافظ مجاہد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ صدر ایس آئی او نرمل یونٹ برادر شیخ فیصل نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ نظامت کے فرائض سید سرفراز احمد، رکن جماعت اسلامی ہند نرمل، نے انجام دیے۔