عادل آباد میں سڑک حادثات سے ہونے والی اموات میں 25 فیصد کمی
"ارائیو الائیو” روڈ سیفٹی مہم کے مثبت نتائج، ریاست میں چوتھا مقام ۔ ایس پی اکھل مہاجن
عادل آباد، 12/ جولائی (پریس ریلیز) ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس نے بتایا کہ عادل آباد ضلع میں روڈ سیفٹی کے لیے پولیس کی مسلسل کارروائیوں، وسیع عوامی بیداری مہم اور سخت ٹریفک نفاذ کے نتیجے میں سڑک حادثات اور ان سے ہونے والی اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کے پہلے چھ ماہ کے مقابلے میں 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران حادثات، اموات اور زخمیوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے پہلے چھ ماہ میں ضلع میں 217 سڑک حادثات پیش آئے، جن میں 86 افراد ہلاک اور 260 زخمی ہوئے، جبکہ 2026 کے اسی عرصے میں 209 حادثات، 65 اموات اور 216 زخمی ریکارڈ کیے گئے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں سڑک حادثات سے ہونے والی اموات میں تقریباً 25 فیصد کمی آئی ہے۔

ایس پی نے کہا کہ ریاست بھر میں سڑک حادثات میں کمی کے معاملے میں سائبر آباد، سنگاریڈی اور جوگولامبا گدوال کے بعد عادل آباد ضلع چوتھے مقام پر رہا، جو ضلع پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا پولیس اہلکاروں، مختلف سرکاری محکموں اور عوام کے تعاون کو دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں "ارائیو الائیو” روڈ سیفٹی پروگرام کے تحت اسکولوں، کالجوں، سرکاری دفاتر، دیہات اور قومی شاہراہوں پر بیداری مہم چلائی گئی۔ روڈ سیفٹی کلبس اور خاکی کڈز پروگرام کے ذریعے طلبہ میں کم عمری سے ہی ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
Advertisment

ایس پی کے مطابق ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خلاف خصوصی مہم، تیز رفتاری پر نگرانی، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنانے، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی، بلیک اسپاٹس کی نشاندہی، قومی شاہراہوں پر مسلسل ہائی وے پٹرولنگ اور ٹریفک آگاہی پروگراموں کے ذریعے حادثات پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر محفوظ سفر صرف پولیس کی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے باعث ہی یہ مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ ایس پی اکھل مہاجن نے ٹریفک پولیس، لا اینڈ آرڈر پولیس، دیگر محکموں، رضاکار تنظیموں ،میڈیا نمائندوں اور عوام کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ "ذمہ داری کے ساتھ گاڑی چلائیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، بحفاظت اپنے گھر پہنچیں، کیونکہ ہر جان قیمتی ہے۔”

