ووٹر فہرست کی نظرثانی کے عمل میں تیزی لانے کلکٹر راجَرشی شاہ کی ہدایت زیر التوا نوٹس کی ترسیل، سماعتوں اور درخواستوں کی یکسوئی پر خصوصی توجہ دینے کا حکم

ووٹر فہرست کی نظرثانی کے عمل میں تیزی لانے کلکٹر راجَرشی شاہ کی ہدایت

زیر التوا نوٹس کی ترسیل، سماعتوں اور درخواستوں کی یکسوئی پر خصوصی توجہ دینے کا حکم

 

عادل آباد، 13/ ستمبر(تلنگانہ وائس)ضلع میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ زیر التوا نوٹس کی ترسیل، سماعتوں، درخواستوں اور فارمس کی یکسوئی میں توقع کے مطابق پیش رفت نہ ہونے پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت میں عمل مکمل کرنے کے لیے عہدیدار روزانہ کی بنیاد پر ایکشن پلان کے مطابق کام کریں۔

Advertising

ہفتہ کے روز کلکٹر نے تحصیلداروں، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (AERO) اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ زوم کانفرنس کے ذریعے SIR عمل کا جائزہ لیا۔ عادل آباد اور بوتھ اسمبلی حلقوں کے تحت مختلف منڈلوں میں زیر التوا نوٹس کی ترسیل، سماعتوں، درخواستوں کی یکسوئی اور فارمس کے ڈسپوزل سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔

Advertising

اس موقع پر عادل آباد اربن منڈل میں AERO کے دائرہ کار میں تقریباً 26 ہزار نوٹس کی ترسیل زیر التوا ہونے، جبکہ اب تک صرف تقریباً 600 سماعتیں مکمل کیے جانے پر کلکٹر نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زیر التوا نوٹس کی ترسیل کے ساتھ ساتھ سماعتوں اور درخواستوں کی یکسوئی کے عمل میں بھی تیزی لانے کی ہدایت دی۔ بوتھ منڈل سمیت اسمبلی حلقہ کے دیگر منڈلوں میں زیر التوا معاملات کو بھی جلد از جلد حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

Advertising

کلکٹر نے کہا کہ SIR عمل کی آخری تاریخ 5 نومبر مقرر ہے، اس لیے دستیاب ورکنگ ڈیز کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ مقررہ اہداف لازمی طور پر حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ زیر التوا کاموں کی تکمیل کے لیے منڈل وار ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے روزانہ کم از کم 900 نوٹس کی ترسیل اور درخواستوں سے متعلق کارروائی مکمل کی جائے۔ روزانہ کی پیش رفت کو آن لائن درج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ BLOs فیلڈ سطح پر وسیع پیمانے پر دورے کرتے ہوئے زیر التوا نوٹس متعلقہ ووٹرس تک سو فیصد پہنچانے کے اقدامات کریں۔ نوٹس کی ترسیل کے بعد مقررہ مدت میں سماعتیں مکمل کرتے ہوئے متعلقہ فارمس کو فوری طور پر ڈسپوز کیا جائے۔

ووٹرس لسٹ کی نظرثانی کے دوران فرسٹ ڈاکیومنٹ، سپورٹنگ ڈاکیومنٹس، 1987 سے قبل، 2002 سے قبل اور 2004 کے بعد کے عرصے سے متعلق دستاویزات کو قواعد کے مطابق باریک بینی سے جانچنے کی بھی کلکٹر نے ہدایت دی۔ ضروری دستاویزات ضوابط کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کو ارسال کرنے اور دستاویزات کی جانچ میں کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ رکھنے کی تاکید کی۔

نئے ووٹرس کے اندراج سے متعلق فارم-6، نام حذف کرنے اور اعتراضات سے متعلق فارم-7 اور ترمیم سے متعلق فارم-8 کی درخواستیں فیلڈ سطح سے متعلقہ دفاتر تک بروقت پہنچانے کے لیے BLOs اور AEROs باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ موصول ہونے والی درخواستوں کو زیر التوا رکھنے کے بجائے قواعد کے مطابق فوری جانچ کرتے ہوئے یکسو کیا جائے۔

کلکٹر راجَرشی شاہ نے کہا کہ ووٹر فہرست کی تیاری ایک انتہائی اہم عمل ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر اہل شخص کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو اور نااہل افراد کے نام قواعد کے مطابق حذف کیے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فرائض میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کی گنجائش نہ ہو اور روزانہ مقررہ اہداف حاصل کرتے ہوئے SIR عمل کو مکمل کیا جائے۔

زوم اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر راجیشور، آر ڈی او جگدیشور راؤ، ریونیو عہدیداروں، تحصیلداروں، AEROs اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔