گلاب تانڈہ میں نئے آر او پلانٹ کا افتتاح، صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ۔ ضلع  کلکٹر راجرشی شاہ

گلاب تانڈہ میں نئے آر او پلانٹ کا افتتاح، صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ۔ ضلع  کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد، 19/ جون(تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر عادل آباد  راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ ہر شہری کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ جمعہ کے روز بازرہتنور منڈل کے گلاب تانڈہ میں ’’بال وکاس فاؤنڈیشن‘‘ کے زیرِ اہتمام قائم کیے گئے نئے آر او واٹر پلانٹ کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔

اس موقع پر کلکٹر نے پلانٹ کے کام کاج اور پانی صاف کرنے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ دیہی علاقوں میں عوام کو معیاری پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے ایسے منصوبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آلودہ پانی کے استعمال سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ آر او پلانٹ سے حاصل ہونے والا صاف پانی ڈائریا، ٹائیفائیڈ اور پانی سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہوگا۔

کلکٹر راجَرشی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پلانٹ کی مسلسل نگرانی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی تکنیکی خرابی کے بغیر عوام کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی جاری رہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور دیہات میں صفائی ستھرائی کو فروغ دیتے ہوئے ماحول کو صاف رکھیں۔

بعد ازاں ضلع کلکٹر نے بازارہتنور گورنمنٹ ہائی اسکول کے احاطے میں تعمیر کردہ نئی کمپاؤنڈ وال کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حفاظت اور تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

اس پروگرام میں بال وکاس فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکر شوری ریڈی سنگاریڈی، شری لکشمی ریڈی، ایم پی ڈی او مہندر ریڈی، سرپنچ راتوڑ لکشمی بائی، پنچایت سکریٹری شیو کمار، مختلف محکموں کے افسران اور بڑی تعداد میں دیہاتیوں نے شرکت کی۔