24 جولائی تک ایس آئی آر عمل مکمل کریں، ووٹر تفصیلات کا اندراج ہر شہری کی ذمہ داری ۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ

24 جولائی تک ایس آئی آر عمل مکمل کریں، ووٹر تفصیلات کا اندراج ہر شہری کی ذمہ داری: کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد، 28/ جون (تلنگانہ وائس)ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ 24 جولائی تک اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے تحت اپنی ووٹر تفصیلات کا اندراج مکمل کرکے اس عمل کو کامیاب بنائیں۔ اتوار کو انہوں نے شہر کے ہمالی واڑہ اور بھاگیہ نگر کالونی میں ایس آئی آر عمل کا زمینی سطح پر جائزہ لیا، متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کیں اور عوام میں اینومریشن فارم تقسیم کرتے ہوئے انہیں آگاہ کیا۔

کلکٹر نے کہا کہ خصوصی نظرثانی مہم 25 جون سے 24 جولائی تک جاری رہے گی، جس کے دوران ووٹر فہرست کی تصدیق، اصلاح اور اندراج کا عمل انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) گھر گھر جا کر ہر خاندان کو اینومریشن فارم فراہم کر رہے ہیں، جنہیں درست طریقے سے پُر کرکے پاسپورٹ سائز تصویر کے ساتھ متعلقہ بی ایل او کے حوالے کرنا ہوگا، جبکہ ایک نقل اپنے پاس محفوظ رکھنی چاہیے۔

کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ ووٹر اپنی تفصیلات جاننے کے لیے بی ایل او سے رابطہ کرسکتے ہیں یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2002 کی ووٹر لسٹ سے موجودہ ووٹ کو منسلک کرنے سے ووٹ منسوخ ہونے کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ اینومریشن فارم جمع کرانے والے تمام ووٹروں کے ووٹ محفوظ رہیں گے، جبکہ فارم جمع نہ کرانے والوں کے ووٹ مستقبل میں حذف کیے جانے کا امکان ہوسکتا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عمل کو اپنی شہری ذمہ داری سمجھتے ہوئے 24 جولائی سے قبل اپنی تمام تفصیلات درج کرائیں اور ضلع میں ایس آئی آر مہم کو کامیاب بنائیں۔

اس موقع پر آر ڈی او جگدیشور راؤ، میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا، تحصیلدار سرینواس، وارڈ کونسلر پدماور راکیش، گھنٹہ جیون، سپروائزرز، بی ایل اوز اور دیگر افسران و عملہ موجود تھا۔

Advertisment