ڈبل ریٹرن کے نام پر عوام سے کروڑوں کا دھوکہ، مرکزی ملزم گرفتار ۔ ڈی ایس پی کی پریس کانفرنس
عادل آباد، 4 /جولائی(تلنگانہ وائس) عادل آباد ضلع پولیس نے "ڈبل ریٹرن” کا لالچ دے کر عوام سے ڈپازٹ جمع کرنے والی یونیک ایس ایم سی ایس (UNIQUE SMCS) کمپنی کے مرکزی منتظم کوناتالا چندر شیکھر کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ یہ اطلاع عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو دی۔
ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جینتھ پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 70/2026 کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کمپنی نے مختلف ایجنٹوں کے ذریعے عوام سے دس سالہ سرمایہ کاری کے نام پر رقوم جمع کیں اور مدت مکمل ہونے پر رقم دگنی واپس کرنے کا جھانسہ دے کر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی ضبط کیا ہے۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ضلع عادل آباد میں کمپنی کے خلاف اب تک 6 مقدمات درج ہو چکے ہیں، جن میں 40 متاثرین کی شناخت ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد سے تقریباً 19 لاکھ روپے بطور سرمایہ حاصل کرکے دھوکہ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ریاست بھر میں بھی اس کمپنی کے ہاتھوں متعدد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ غیر معمولی منافع، ڈبل ریٹرن یا پرکشش سرمایہ کاری اسکیموں کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں۔ کسی بھی مالیاتی ادارے میں سرمایہ کاری سے پہلے اس کی سرکاری منظوری اور قانونی حیثیت کی مکمل جانچ کریں۔ اگر کوئی مشتبہ مالیاتی ادارہ نظر آئے یا کسی قسم کی دھوکہ دہی کا شبہ ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں۔ اس کمپنی سے دھوکہ کھانے والے افراد بھی ضلع پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

