سرکاری راشن چاول کی غیر قانونی فروخت، راشن ڈیلر رنگے ہاتھوں گرفتار
عادل آباد، 4 جولائی(تلنگانہ وائس)
عادل آباد کے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بی سنیل کمار نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے فراہم کیے جانے والے (PDS) راشن چاول کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ایک راشن ڈیلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران عادل آباد شہر کے راشن ڈیلر سنیل کمار جیننور کو سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راشن کارڈ اور بایومیٹرک تصدیق کے بغیر افراد کو سرکاری راشن چاول زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
پولیس کے مطابق محلہ بڑھ کے رہائشی عبد القیوم کو راشن چاول فروخت کیے جا رہے تھے، اسی دوران چھاپہ مار کر دونوں کو حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزمین نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔
پولیس نے ملزمین کے قبضے سے 80 کلو گرام پی ڈی ایس راشن چاول، ایک نارزو 70X 5G موبائل فون، اسٹاک رجسٹر اور متعلقہ رسیدیں ضبط کر لیں۔ ایس ایچ او بی سنیل کمار نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں راشن چاول کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل یا فروخت کی اطلاع ہو تو فوری طور پر پولیس یا متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

