ایل نینو کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے مشن موڈ میں کام کریں . اسپیشل افسر اللمبارتی
عادل آباد، 20/ جولائی(تلنگانہ وائس)
ریاست میں ایل نینو کے باعث معمول سے کم بارش ہونے کے امکانات کے پیش نظر کسانوں اور عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے تمام سرکاری محکمے باہمی تال میل کے ساتھ مشن موڈ میں کام کریں۔ یہ ہدایت متحدہ عادل آباد ضلع کے خصوصی افسر اللمبارتی نے اُٹنور کے کے بی کمپلیکس میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔

اجلاس میں عادل آباد، نرمل، کمرم بھیم آصف آباد اور منچریال اضلاع کے کلکٹرس، عوامی نمائندوں اور مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ خصوصی افسر نے کہا کہ بروقت ایکشن پلان اور ہنگامی حکمت عملی (کنٹنجنسی پلان) پر مؤثر عمل درآمد سے خشک سالی جیسے حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل نینو کے اثرات صرف زراعت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پینے کے پانی، آبپاشی، بجلی، مویشی پروری، صحت، دیہی ترقی، باغبانی، زیر زمین پانی اور آبپاشی کے منصوبوں پر بھی پڑ سکتے ہیں، اس لیے تمام محکموں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کسانوں میں پانی کے مؤثر استعمال اور کم پانی والی متبادل فصلوں جیسے ارہر، مونگ، تل، مونگ پھلی اور موٹے اناج کی کاشت کے بارے میں وسیع بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں مختلف اضلاع میں آبی ذخائر، زیر زمین پانی، پینے کے پانی کی دستیابی، آبپاشی، بجلی کی فراہمی اور فصلوں کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات اور عوام میں پانی کے تحفظ سے متعلق شعور بیدار کرنے پر زور دیا گیا۔
Advertising

خصوصی افسر نے محکمہ زراعت، باغبانی، مویشی پروری، دیہی ترقی، پنچایت راج، بلدیات، پینے کے پانی، بجلی، صحت، زیر زمین پانی، آبپاشی، خواتین و اطفال کی بہبود اور کرشی وگیان کیندر سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ایکشن پلان اور ہنگامی منصوبے فوری طور پر تیار کرکے نافذ کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اندازوں کے مطابق بارش میں 40 تا 45 فیصد کمی کا امکان ہے، اس لیے تمام محکموں کو چوکس رہنا ہوگا۔
Advertising

عادل آباد کے کلکٹر راجرشی شاہ نے پانی کے تحفظ، واٹر ہارویسٹنگ، فارم پانڈس کی تعمیر اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کسانوں کو کم پانی استعمال کرنے والی متبادل فصلیں اختیار کرنے اور یوریا بکنگ ایپ کے ذریعے کھاد حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔

نرمل کے کلکٹر بھاویش مشرا، کومرم بھیم آصف آباد کی کلکٹر ہریتا، منچریال کے رکن اسمبلی پریم ساگر راؤ اور خانہ پور کے رکن اسمبلی ویڈما بھوجو پٹیل نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پانی کے تحفظ، متبادل فصلوں کی کاشت اور تمام محکموں کے درمیان مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔
Advertising

اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے اپنے ایکشن پلان پیش کیے جبکہ خصوصی افسر، کلکٹرس اور عوامی نمائندوں نے ایل نینو بُک لیٹ اور تلنگانہ جلسری پوسٹرس کی رسمِ اجرا بھی انجام دی۔
اشتہار۔۔۔۔۔۔Advertising


