پولیس کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے والے تین افراد ریمانڈ پر
بغیر اجازت شراب فروخت کرنے کی اطلاع پر تلاشی کے دوران پولیس اہلکار سے مبینہ بدسلوکی اور حملہ، اُٹنور پولیس نے تینوں کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔
اُٹنور، 17 ستمبر (تلنگانہ وائس) اُٹنور پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس کی سرکاری کارروائی میں مبینہ طور پر رکاوٹ ڈالنے اور پولیس اہلکار پر حملہ کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔

پولیس کے مطابق 16 ستمبر کو اولڈ اُٹنور علاقہ میں بغیر اجازت شراب فروخت کیے جانے کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس عملہ تلاشی کے لیے نتھاوت رام داس کی دکان پر پہنچا۔ پولیس اہلکار توڑتی بھوجن، ہیڈ کانسٹیبل شیواجی، پی سی ششی اور دیگر عملہ کارروائی انجام دے رہا تھا۔
Advertising

پولیس کا الزام ہے کہ اس دوران نتھاوت رام داس، اس کے بیٹے نتھاوت روی اور نتھاوت جے سنگھ نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی اور ڈیوٹی پر موجود ایک کانسٹیبل پر جسمانی حملہ کیا۔
Advertising

واقعہ کے سلسلہ میں اُٹنور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو حراست میں لیا گیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
اُٹنور SHO گنگولہ وجئے نے کہا کہ ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنا اور سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنا قانوناً جرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف قانونی طور پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

